شاہراہ بھٹو مکمل طور پر کب کھولی جائے گی؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

کراچی (کھوج نیوز) شاہراہ بھٹو مکمل طور پر کب کھولی جائے گی؟ اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے فائنل تاریخ بتا کر شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شاہراہ بھٹو موٹر وے ایم نائن کو ڈائریکٹ کنکٹ کریگی، شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ مکمل طورپرکھولنے جارہے ہیں جس کے بعد ٹریفک مسائل حل ہوں گے، عوام کو سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے ہمیں بد نامی سہنا پڑی ہے، کنٹریکٹر کام مکمل نہیں کر پارہے تھے اس لیے ریڈ لائِن منصوبہ کسی اور کو دیا، اس منصوبے کی تاخیر پر عوام کو زحمت ہوئی اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایک منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، اس پر اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، ہم نے بھی اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر ہمیں کامیابی نہ مل سکی۔ شرجیل میمن نے کہاکہ کراچی پورٹ سے ایک روڈ بنایا جارہا ہے جو قیوم آباد تک آئے گا، کراچی میں برجز ، انڈرپاس اور سڑکوں کی تعمیر کا کام چل رہاہے، حکومت کی کوشش ہے کہ شہر کے میگا پروجیکٹس پر کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ چینی کمپنیاں کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے جارہی ہیں، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے کراچی میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، ڈی سیلینیشن پلانٹ مہنگا ہوگا مگر اسے لارہے ہیں۔



