بھارت میں دو بسوں کے درمیان خوفناک حادثہ، 7افراد ہلاک

بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گجرات کے ضلع سورت کے قصبے بار دولی کے قریب دو بسوں کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 7افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گجرات کے ضلع سورت کے قصبے باردولی کے قریب مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے تحت چلنے والی 2 بسوں کے درمیان پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک بس سورت سے دھولے جا رہی تھی اور دوسری بس مہاراشٹرا کے چالیس گاؤں سے سورت کی جانب گامزن تھی، اس دوران مہاراشٹرا کی جانب جانے والی بس ٹریکٹر سے ٹکرائی جس سے بس اپنا توازن کھو بیٹھی اور سڑک کے دوسری جانب آنے والی بس سے ٹکرا کر ہائی وے سے کچے کے علاقے میں اتر گئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد ایک بس میں آگ لگ گئی جس میں سوار 7 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 40 کے قریب مسافر زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو کرکے فوری طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کیا گیا۔



