ون ڈے رینکنگ جاری، قومی کھلاڑی کس نمبر پر ہیں؟

لاہور(سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے اس رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کس نمبر پر ہیں؟ تمام تر تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کی رینکنگ میں بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ بھارت کے ویرات کوہلی دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زردان تیسرے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں سابق کپتان بابراعظم چھٹے نمبر پر ہیں جب کہ سلمان علی آغا 5 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں اور بھارتی بیٹر شبمن گل کا 5واں نمبر ہے۔
آئی سی سی آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی کا تیسرا نمبر ہے۔ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سلمان علی آغا 1 درجے تنزلی کے بعد 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ شاداب خان 75 ویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر ہے جب کہ انگلش بولر جوفرا آرچر دوسرے اور جنوبی افریقا کے کیشو مہراج کا تیسرا نمبر ہے۔ پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 7 درجے ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی 4 درجے ترقی کی بدولت 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔



