پاکستان میں محرم الحرام کا چاند کب نظر آئیگا؟ پیشگوئی کر دی گئی

کراچی (کھوج نیوز) پاکستان میں محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند کب نظر آئے گا؟ اس حوالے سے پیشگوئی کر دی گئی ہے ، یہ پیشگوئی کس نے کی؟ تمام تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر54 منٹ پرہوگی لہذا 15 جون کو ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 جون یعنی 29 ذوالحج کی شام چاند نظر نہیں آئیگا، 15 جون کو ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم صاف یا ہلکے بادل رہنے کی امید ہے جب کہ پنجاب میں رات 7 بج کر 59 منٹ پرچاند غروب ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں رات 8 بج کر 5 منٹ پرچاند غروب ہوگا، آزاد کشمیر میں رات 8 بج کر 7 منٹ تک چاند دیکھا جا سکتا ہے جب کہ گلگت بلتستان میں چاند غروب ہونے کا وقت رات 8 بج کر 12 منٹ ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں چاند رات 8 بج کر 23 منٹ پر چھپ جائے گا اور بلوچستان میں چاند سب سے آخر میں رات 8 بج کر 34 منٹ پر غروب ہوگا۔



