پاکستان

مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ، بلاول بھٹو نے بڑا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مہاجرین کی نشستوں کے معاملے پر بڑا مطالبہ کر دیا جس کے بعد حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر میں مسائل پیدا کیے جارہے ہیں ، اشیا خورونوش کی قلت ہورہی ہے، جو کشمیری احتجاج کررہے ہیں اس صورتحال میں جو کچھ ہورہاہے وہ پاکستان کی ساکھ اورکشمیرکازکو بھی نقصان پہنچارہاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا قانون ہاتھ میں لینے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے، پولیس ایکشن لے، ساتھ ہی پیغام دیا اس سے پہلے کہ ہمیں زبردستی کرنا پڑے قانون توڑنے والوں سے مظاہرین خود کو الگ کریں، احتجاج کرنے والے اپنی صفوں سے انتہا پسندوں کو الگ کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا مہاجرین کو ووٹ کا حق بھی دیا جانا چاہیے، اس پر کوئی رکاوٹ نہیں، اس طریقے سے دھمکیاں دے کر معاملہ مزید خراب کیا جا رہا ہے، میں زور دیتا ہوں کہ ایکشن کمیٹی سیاسی انداز میں معاملہ حل کرنے کی طرف جائے۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر کو آزاد دیکھنا چاہتا ہوں میں اسے مقبوضہ کشمیر بنتا نہیں دیکھنا چاہتا، اس معاملیکو ایک مرتبہ مکمل حل کرلینا چاہیے، بار بار وہاں کے عوام کو یرغمال نہیں بننے دینا چاہیے، مخصوص سیٹوں کی طرح مہاجرین کی سیٹوں کے معاملے پر نتائج کے تناسب سے نمائندگی دی جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ زیادہ متنازع ہو گیا ہے، یہ ایسا معاملہ نہیں جو حل نہ ہو سکے، مہاجرین کی نشستیں بندوق کے زور پر ختم نہیں ہو سکتیں، ہمارا اصولی مؤقف ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری ہی کریں گے، مہاجرین کی نشستوںکا معاملہ دھمکیوں اور دھرنے کے بجائے بات چیت اور قانون سازی سے حل ہوگا۔ اس معاملے پر جتنا ایکشن کمیٹی کا حق ہے اتنا ہی مسلم کانفرنس اور دوسری جماعتوں کا حق ہے۔ بلاول بھٹو بولے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ اسی فیصد مکمل تھا، ہم مذاکرات سے انکاری نہیں ہیں، پرامن طریقے سے سیاسی انداز میں مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، تمام مسائل کا حل پاکستان کے دائرے میں رکھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button