خیبرپختونخوا حکومت اور پارٹی قیادت کی ناقص کارکردگی، رکن اسمبلی برس پڑے

خیبرپختونخوا (کھوج نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن اپنی ہی حکومت اور پارٹی قیادت پر برس پڑے اور کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرڈالا جس کے بعد نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے حکومتی رکن شاہ تراب خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے ملی، بانی پی ٹی آئی گزشتہ 3 برس سے جیل میں ہیں جب کہ پارٹی قیادت مراعات سے مستفید ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات اس حد تک آگئے ہیں کہ بیوروکریسی حکومت کو سنجیدہ نہیں لے رہی، جب تک آپ سنجیدہ نہیں ہوں گے تو بیوروکریسی بھی آپ کو سنجیدہ نہیں لے گی، اسپتالوں میں نہ تو ڈاکٹر موجود ہیں اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں، صوبے میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں۔
شاہ تراب خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ایک جرگہ یا مذاکراتی پینل تشکیل دیا جائے اور اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کی جائے، اگر دیگر معاملات پر جرگے تشکیل دیے جاسکتے ہیں تو اس معاملے پر بھی مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی گزشتہ تین برس سے جیل میں ہیں، جبکہ پارٹی قیادت مراعات سے مستفید ہو رہی ہے، اگر پارٹی نے ہار نہ مانی ہوتی تو بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو خود سامنے نہ آنا پڑتا، موجودہ قیادت میں بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اگربانی پی ٹی آئی رہا ہوگئے تو ان کی لوٹ مار کی دکانیں بند ہوجائیں گی، بانی پی ٹی آئی نے آپ لوگوں کو زمین سے اٹھا کر ایوانوں تک پہنچایا، تین ماہ سے کوئی احتجاج نہیں ہوا، اس لیے بہتر ہیکہ مذاکرات کیے جائیں اور اگر یہ ممکن نہیں تو ذمہ دار افراد مستعفی ہو کر دوسروں کو موقع دیں۔



