بڑھاپے میں جان لیوا مرض سے بچنا کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) بڑھاپے میں جان لیوا مرض سے بچنے کے لئے درمیانی عمر میں کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے؟ اس حوالے سے امریکی سائنسدانوں کی طبی تحقیق سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کی نیویارک یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں 12 ہزار سے زائد ایسے افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو 55 سال کی عمر میں ڈیمینشیا سے محفوظ تھے۔ تحقیق کے دوران ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھانے والے 3 اہم عناصر ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور تمباکو نوشی کا تجزیہ کیا گیا۔بعد ازاں ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطا 26 سال تک لیا گیا۔ اس عرصے میں 3 ہزار سے زائد افراد ڈیمینشیا سے متاثر ہوئے جبکہ 5200 افراد کا انتقال ہوا مگر وہ اس بیماری کے شکار نہیں ہوئے تھے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خطرہ بڑھانے والے عناصر سے محفوظ افراد میں ڈیمینشیا کی تشخیص ان افراد کے مقابلے میں 13 سال تاخیر سے ہوئی، جن میں یہ تینوں دریافت ہوئے تھے۔ یعنی تمباکو نوشی سے دور رہنے والے ایسے افراد جو ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر سے محفوظ تھے، وہ اگلے 30 سال تک ڈیمینشیا کے بغیر زندہ رہے۔ تحقیق کے مطابق جن افراد میں کسی ایک عنصر کو دریافت کیا گیا، وہ 26.3 سال تک ڈیمینشیا سے محفوظ رہ کر زندگی گزارتے رہے۔خطرے کے 2 عناصر کا سامنا کرنے والوں میں 21 سال تک ڈیمینشیا کی تشخیص نہیں ہوئی جبکہ تینوں عناصر کے شکار افراد میں 17 سال کے اندر اس مرض کی تشخیص ہوگئی۔



