صحت

فریج کے بغیر محفوظ رہنے والی پہلی ویکسین کا تجربہ کامیاب

اسلام آباد(ہیلتھ ڈیسک) سائنس دانوں نے ایسی نئی ویکسین کے پہلے انسانی تجربات میں کامیابی حاصل کر لی ہے جو فریج کے بغیر بھی محفوظ رہ سکتی ہے اور دنیا بھر میں ویکسین کی ترسیل کو آسان بنا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس پی وی ایکس 02 نامی ٹیٹنس اور ڈفتھیریا بوسٹر ویکسین کے پہلے مرحلے (فیز ون) کے کلینیکل ٹرائل میں ثابت ہوا کہ یہ ویکسین 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت میں کم از کم 24 ماہ تک مثر اور قابلِ استعمال رہ سکتی ہے۔ اس ویکسین کی تیاری میں اسٹیبلیوا ایکس ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔

فیز ون انسانی آزمائش میں صحت مند بالغ افراد کو شامل کیا گیا، جنہیں یا تو ایس پی وی ایکس 02 ویکسین دی گئی یا موجودہ منظور شدہ ویکسین سے موازنہ کیا گیا۔ محققین کے مطابق ایس پی وی ایکس 02 لینے والے افراد میں مدافعتی ردعمل موجودہ ویکسینز کے برابر رہا جبکہ کسی سنگین مضر اثر کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ اس وقت دنیا کی زیادہ تر ویکسینز کو استعمال تک مخصوص درجہ حرارت پر، عموما مسلسل ٹھنڈا رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس نظام کو کولڈ چین کہا جاتا ہے، جو گرم علاقوں، دور دراز مقامات اور محدود وسائل رکھنے والے ممالک میں ویکسین پہنچانے میں بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مزید مراحل میں یہ ویکسین کامیاب ثابت ہوتی ہے تو یہ دنیا کے ایسے علاقوں تک ویکسین پہنچانے میں مدد دے سکتی ہے جہاں کولڈ اسٹوریج کی سہولیات محدود ہیں۔ زیادہ گرمی یا منجمد درجہ حرارت ویکسین کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس سے اضافی اخراجات، نقل و حمل کے مسائل اور ویکسین ضائع ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں بجلی کی کمی، کمزور انفراسٹرکچر اور دشوار جغرافیائی حالات ویکسین کی فراہمی کو مشکل بناتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button