گٹر لائن کی صفائی کے دوران 2ملازمین دم گھٹنے سے جاں بحق

ملتان (کھوج نیوز) ملتان میں گٹر لائن کی صفائی کے دوران 2ملازمین دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے ہیں، کیونکہ دونوں ملازمین حفاظتی آلات کے بغیر گٹر لائن کی صفائی کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں ملازمین رات گئے گٹر لائن کی صفائی میں مصروف تھے کہ دم گھٹنے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملازمین حفاظتی آلات کے بغیر گٹر لائن کی صفائی کررہے تھے۔ دوسری جانب اس حوالے سے واسا حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا ایک ورکر واسا کا مستقل ملازم اور دوسرا کنٹریکٹ پر تھا، واسا سے دونوں افراد کو لائن کی صفائی کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی تھی، دونوں افراد ذاتی حیثیت میں نجی کنٹریکٹر کی معاونت کے لیے سیوریج لائن میں گئے تھے۔ واسا حکام نے مزید بتایا کہ کام کے دوران سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جاتا ہے، سیوریج کے کام سے قبل تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔



