طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کی دوبارہ شادی ، حمزہ علی عباسی کا بیان وائرل

لاہور(شوبز ڈیسک) طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کی دوبارہ شادی کے حوالے سے پاکستان کے اداکار حمزہ علی عباسی نے بڑا بیان داغ دیا ہے جو سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے کا ایک مخصوص طبقہ ہے جو بیوہ اور طلاق یافتہ خاص طور پر جب ان کے بچے ہوں اور وہ دوسری شادی کرنا چاہیں تو اس چیز کو معیوب سمجھتا ہے اور بری نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری گزارش ہے کہ جو خواتین دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہیں، ہمیں انہیں منفی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہیے کیونکہ یہ ان کا حق ہے جو انہیں ہمارے دین نے دیا ہے۔ اداکار نے مزید کہا یہ چیز اخلاقیات کے منافی ہے کہ کوئی اپنی زندگی کا ذاتی فیصلہ کرنا چاہے اور ہم اس میں دخل اندازی کریں۔ حمزہ نے کہا کہ کوئی دوسری شادی کرنا چاہے یا نہ کرنا چاہے یہ سراسر اس شخص کا فیصلہ ہونا چاہیے، اس میں ہمیں نہیں بولنا چاہیے۔



