شنگھائی تعاون تنظیم2026-27، پاکستان نے چیئرمین شپ سنبھال لی

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 2026-27 کی چیئرمین شپ سنبھال لی اس حوالے سے دفتر خارجہ کی طرف سے تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بشکیک میں ایس سی او کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی، ایس سی او سیکرٹری جنرل نے پاکستان کو چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایس سی او کی چیئرمین شپ کے لیے پاکستان کی ترجیحات اور حکمت عملی سے آگاہ کیا، ایس سی او سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ایس سی او کے قومی رابطہ کار محمد فیصل بھی شریک تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور ایس سی او سیکرٹریٹ نے چیئرمین شپ کے دوران قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



