موسم کی تبدیلی، کراچی میں انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ

کراچی (کھوج نیوز) موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے کراچی میں انفلوئنزا کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس کے بعد اس وباء سے نمٹنے کیلئے ماہرین نے سر جوڑ لیے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق کراچی شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں انفلوئنزا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، بخار، سردرد، کپکپاہٹ، نزلہ زکام خشک کھانسی اور جسم و پٹھوں میں درد اس کی علامات ہیں۔ ماہر امراضِ سینہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید خان کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا ہر عمر کے افراد کو متاثر کر سکتا ہے، تاہم پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق خصوصا بزرگ افراد، بچوں اور پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا افراد کو انفلوئنزا سے بچا کے لیے زیادہ احتیاط کرنی چاہیے، علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود سے دوا لینے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق انفلوئنزا کے سبب بچوں میں شدت کی صورت میں الٹی متلی اور اسہال کی علامات سامنے آسکتی ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ بیماری کی علامات رکھنے والے افراد دوسروں سے فاصلہ رکھیں، بار بار ہاتھ دھوئیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔



