کمسن بچوں کا ماہانہ خرچے میں کتنا اضافہ کیا گیا؟ ہائیکورٹ کا نیا حکمنامہ آگیا

لاہور(کھوج نیوز) کمسن بچوں کے ماہانہ خرچے میں کتنا اضافہ کیا گیا؟ اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا نیا حکمنامہ آگیا ہے ، اس فیصلے میں کیا کہا گیا اس حوالے سے تفصیل سامنے آگئی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کمسن بچوں کے ماہانہ خرچ سے متعلق خاتون کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کمسن بچوں کا ماہانہ خرچہ 20 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے فی بچہ کر نے کا حکم دیا اور کہا کہ بچوں کے خرچے میں سالانہ 10 فیصد اضافہ 2019 سے شمار کیا جائے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو بقایاجات کا حساب سالانہ اضافے کے حکم کے مطابق کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہائیکورٹ نے والدہ کے حق میں 15 ہزار ماہانہ خرچے کا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا، خرچہ عدت کی مدت تک ہوگا جب کہ عدالت نے جہیز کے سامان کی متبادل قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے برقرار رکھنے کا حکم بھی دیا۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ والد کی آمدن کا تعین کرتے وقت اس کے کام کی نوعیت، ملازمت اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینا ضروری ہے، بچوں کی تعلیم، پرورش اور ضروریات کو ماہانہ خرچے کے تعین میں مدنظر رکھنا ضروری ہے، سپریم کورٹ نے بھی قرار دیا کہ بچوں کی کفالت کی ذمہ داری شادی ختم ہونے کے بعد بھی برقرار رہتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے مطابق بچوں کا والد برطانوی شہری ہے، زیادہ خرچہ دینے کی استطاعت رکھتا ہے، والد نے برطانیہ میں ماہانہ آمدن 500 سے 600 پاؤنڈ ہونے کا مؤقف اختیار کیا، برطانیہ میں رہائش بذات خود کسی شخص کی حقیقی آمدن ثابت نہیں کرتی۔



