زیرتعمیر عمارت کی بالائی منزلیںگرنے سے متعدد افراد زخمی

کراچی (کھوج نیوز) کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی جبکہ 10زخمی افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، زخمیوں میں کچھ افراد کی شناخت نادر حسین، شوکت علی، احمدکے ناموں سے ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق 6منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی، ملبہ ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی فنشنگ ہورہی تھی جبکہ عمارت میں کوئی بھی رہائش پذیر نہیں تھا۔ کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 4میں گرنے والی عمارت 600گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، ایس بی سی اے کے مطابق پلاٹ پر گرانڈ پلس 5عمارت تعمیر تھی، رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں۔ ایس بی سی اے کے مطابق عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے، عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔



