امریکا کیساتھ مذاکرات، پاکستانی وفد کی میزبانی کیلئے تیار ہیں: ایران

ایران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے ذریعے پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں جبکہ پاکستانی وفد کی میزبانی کیلئے بھی تیار ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیاجا رہا ہے اب جو بھی مذاکرات ہوں گے مکمل جنگ بندی کے لئے ہوں گے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پیغامات کا تبادلہ گزشتہ اتوار سے جاری ہے۔ ہمیں پاکستان کے ثالثوں کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں، اور ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ ایران مذاکرات کے تسلسل میں آج پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے بتایا کہ پاکستان میں مذاکرات کے دوران مکمل جنگ بندی، پابندیاں ہٹانے اور جنگ میں ہونے والے نقصانات کا ازالے پر گفتگو شامل تھی۔اسماعیل بقائی نے کہاکہ امریکی اور صیہونی حکومت ہر ایک ایرانی سے دشمنی رکھتی ہے۔



