پاکستان

کارکنوں سمیت خواتین ارکان کی گرفتاری، عمران خان نے خطرناک نتائج کی دھمکی دیدی

رہنماؤں،کارکنوں کی گرفتاری دہشت پھیلانے کے لئے ہے،فسطائی حکومت کا خواتین کے ساتھ سلوک انسانی حقوق کی خلاف ورزی،اسلامی تعلیمات کے منافی ہے: عمران خان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، انٹر نیوز)کارکنوں سمیت خواتین ارکان کی گرفتاری، عمران خان نے خطرناک نتائج کی دھمکی دیدی’ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری دہشت پھیلانے کے لئے ہے، فسطائی حکومت کا خواتین کے ساتھ سلوک انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی،اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاریوں اور اغواء کی شدید مذمت کرتا ہوں،شاہ محمود قریشی اور اسد عمر ایک ہفتے سے جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود صحافی عمران ریاض کو بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، ان پر تشدد کی مصدقہ اطلاعات ہیں، شہریار آفریدی کی اہلیہ کو جیل کیسے بھیجا جا سکتا ہے، رہنماؤں، کارکنوں کی گرفتاری عوام میں دہشت پھیلانے کے لئے ہے تاکہ وہ اپنے آئینی حقوق کے لئے کھڑے نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری کے علاج اور بیٹی کو مرد پولیس اہلکاروں کی جانب سے جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے سن کر پریشان ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین حامیوں کے ساتھ ہونے والے وحشیانہ سلوک کے ویڈیو ثبوت سامنے آنا قابل مذمت ہے، ہماری بہت سی خواتین ایم این ایز، حامیوں اور کارکنان کو ملک بھر کی جیلوں میں غیر انسانی حالات میں رکھا گیا ہے اور وہ پولیس کی زیادتیوں کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فسطائی حکومت کی جانب سے خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، بلکہ ہماری ثقافت اور اسلامی تعلیمات کے بھی منافی ہے۔عمران خان نے مطالبہ کیاکہ ہماری تمام خواتین رہنماؤں، کارکنوں اور ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کے اہل خانہ کی خواتین ارکان کو فوری رہا کیا جائے، ان کی مسلسل قید ناقابل برداشت ہے، ہم یہ معاملہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بھی اٹھارہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button