سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے سزا کیخلاف اپیل دائر کر دی

راولپنڈی (کھوج نیوز) سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے ملٹری کورٹ سے سنائی گئی اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے، یہ اپیل انہوں نے کہا جمع کروائی؟ تفصیل سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق فیض حمید کے وکیل نے فوجی عدالت سے سنائی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کی تصدیق کی ہے۔ فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے مزید تفصیلات دیئے بغیر بتایا کہ ہم نے فوجی عدالت کی طرف سے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی ہے، اپیل رجسٹرار کورٹ آف اپیلز، اے جی برانچ، چیف آف آرمی اسٹاف کو جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ کے سیکشن 133Bکے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے فیض حمید کے پاس 40 دن کا وقت تھا۔ اپیل کا جائزہ سب سے پہلے کورٹ آف اپیلز کے ذریعے لیا جاتا ہے جس کی سربراہی ایک میجر جنرل یا اس سے اوپر کا افسر کرتا ہے جو آرمی چیف کی جانب سے نامزد کیا جاتا ہے، اس کے بعد آرمی چیف کے پاس سزا کی توثیق، اس پر نظر ثانی یا اسے منسوخ کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔



