امن خراب کرنیوالوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائیگا: آزاد کشمیر حکومت

آزاد کشمیر (کھوج نیوز) آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر کسی نے بھی امن خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مذاکرات، ریلیف اور عمل درآمد کا راستہ اختیار کیا، جے اے اے سی نے لچک کے بجائے دبا ؤ اور سڑک کی سیاست کو ترجیح دی۔ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ38 میں سے 35 مطالبات تسلیم ہونے کے بعد بھی احتجاج پر اصرار عوامی مفاد نہیں بلکہ سیاسی ضد ہے، پرامن احتجاج جمہوری حق ہے، مگر قانون ہاتھ میں لینے، راستے بند کرنے اور عوامی زندگی مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ترجمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کو مسلسل احتجاج نہیں، استحکام، مکالمہ اور عملی حل درکار ہے، اسمبلی کے فیصلوں کو سڑک کے دباؤ سے مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ ترجمان آزاد کشمیر حکومت نے خبردار کیاکہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو عوامی مطالبات کے نام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر ہٹ دھرمی کرکے امن و امان خراب کرنیکی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔



