حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے بڑی سکیم کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) حکومت پاکستان نے چھوٹے دکانداروں کے لئے بڑی سکیم کا اعلان کر دیا ہے ، یہ سکیم کون سی ہے ؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کی مشاورت اور مطالبے کیساتھ اسکیم لائی جارہی ہے، ٹیکس دہندگان ٹیکس میں آسانی چاہتے ہیں۔ وزیرمملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ یا اس سے کم ہے۔ بلال اظہرکیانی نے کہا کہ ایک صفحے کا فارم ہے جس پر دکاندار اپنے مال کی فروخت درج کریں گے، دکاندار کو کم از کم 25ہزار روپے نقد جمع کرانا ہونگے، اگر دکاندار کے ٹرن اوور کی مقدار زیادہ ہوگی تو اس حساب سے ایک فیصد ٹیکس ہوگا، ایک فیصد اس میں فکس ٹیکس ہوگا، ود ہولڈنگ ٹیکس اگر پہلے سے کٹا ہوا ہے تو وہ اس میں ایڈجسٹ ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا جو دکاندار اس اسکیم میں آئے گا اسے ایف بی آر کی طرف سے ایک پلیٹ ملے گی، اس پلیٹ پر دکاندار کا نام،دکان کا نام اور دیگر تفصیلات ہوں گی، اس اسکیم میں نان فائلر اور فائلر دکاندار بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ وزیر مملکت بلال اظہرکیانی کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے مستفید ہونے کیلئے ٹیکس کی ادائیگی کم از کم پچھلے سال جتنی ہونی چاہیے، جو بھی دکاندار اس اسکیم میں آئیں گے انہیں پوائنٹ آف سیل (پی او ایس)سے استثنا مل جائے گا۔ بلال اظہرکیانی نے یہ بھی کہا کہ مشاورت اور انجمن تنظیم تاجران کے مطالبے پر حکومت یہ اسکیم لارہی ہے، جو بھی دکاندار اس اسکیم میں شامل ہونا چاہتا ہے وہ فارم بھرے۔



