بلوچستان میں دیرپا امن کیلئے عوام کی بھرپور حمایت چاہیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان (کھوج نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دیر پا امن کے لئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا کی جی ایچ کیو آمد ہوئی جہاں فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کیلیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام ہی اس کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔



