پاکستان

آزاد کشمیر الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا اب ہمارا ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے: مریم نواز

مری (کھوج نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا لیکن اب ہمارا ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر انتخابات میں ن لیگ کوکامیابی ملی،آزادکشمیرکے عوام نے مشکل حالات میں بہترین فیصلہ کیا، دنگا فساد، قتل وغارت،خون خرابہ، احتجاج اور ہڑتالوں کو آزاد کشمیرکے عوام نے ووٹ کی طاقت سے شکست دی۔پیپلز پارٹی قیادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جوش میں تقریر میں وہ بھول گئے کہ آزادکشمیرمیں حکومت اور انتظامیہ ان کی اپنی تھی، آزاد کشمیر میں صدر، وزیراعظم، پولیس، انتظامیہ اور عملہ ان کا اپنا تھا، دھاندلی کا الزامات کسی اورپر لگانے سے پہلے تھوڑا لاجک کا خیال رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے آزادکشمیرکے لوگوں نے تقاریرغور سے سنیں اور منشورکو دیکھا، جن کے پاس آزادکشمیرمیں دینے کے لیے کچھ نہیں تھا ان کو عوام نے مستردکیا، سڑکوں کا وعدہ وہ اس لیے نہیں کرسکتے کہ 17سال سے ان کی جہاں حکومت ہے وہاں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، وہاں سے لوگ پنجاب آتے ہیں تو تعریف کرتے ہیں۔بسوں کا وعدہ وہ اس لیے نہیں کرسکتے انہوں نے اپنے لوگوں کوبسیں نہیں دیں اگردی ہیں تووہ بھی ٹوٹی ہوئی ہیں، صفائی کے نظام کا وعدہ وہ اس لیے نہیں کرسکتے کہ ان کے پورے صوبے میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جدید پاکستان کا ایک بانی ہے اور اس کا نام نواز شریف ہے، جتنی سازشیں ن لیگ کیخلاف ہوتی آئی ہیں شاید ہی کسی اور جماعت کے خلاف ہوئی ہوں، ہمارے قائدین کو بہت مشکل مراحل سے گزرنا پڑا، 2021 کے الیکشن میں جب وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، مسلم لیگ ن کو17 اور پی ٹی آئی کو 3 سیٹیں ملیں لیکن رزلٹ کو الٹا دیا گیا، الحمد اللہ مسلم لیگ ن نے اپنی اکثریت واپس چھینی ہے، وہ لوگ جوکہتے تھے کہ ن لیگ کمزور ہوگئی اور ختم ہونے والی ہے ان کو بہترین جواب مل گیا، کسی ایک جماعت کا مستقبل روشن ہے تو وہ ن لیگ ہے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں اکثریتی پارٹی نہ ہونے کے باوجود ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کی دعوت دی، لیکن افسوس ہے کہ آزاد کشمیر میں انہوں نے دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگائے، پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں جیتی تو دھاندلی کی بات نہیں کی، آزادکشمیر میں ہار گئی تو دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرکے عوام نے تعمیر وترقی کو ووٹ دیا، الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا اب ہمارا ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے، ہم نے پہلے دن سے کام کرنا ہے، پروٹوکول اور دعوتوں سے لطف اندوز نہیں ہونا، حکومت بنتے ہی کشمیر کے لیے فوری کام شروع کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button