خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ ہوگیا، وفاقی کابینہ سے کل منظوری کا امکان

اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ذرائع کا بتانا ہے ایمرجنسی کے نفاذ کی کل وفاقی کابینہ سے منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئین کے آرٹیکل 232 کے مطابق جنگ اور داخلی انتشار پر صدر مملکت کسی صوبے میں ایمرجنسی کا اعلان کر سکتے ہیں، صدر کے اعلان کے بعد دس روز میں اسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ دوران ایمرجنسی پارلیمنٹ کو کسی صوبے یا اس کے کسی حصے پر قانون سازی کا اختیار ہوگا، آرٹیکل 232 کے تحت وفاق کا انتظامی اختیار اس حد تک وسیع ہوجائے گا کہ وہ صوبے کو ہدایات دے سکے کہ صوبائی انتظامی اختیار کس طریقے سے استعمال کیا جائے۔
آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت وفاق کو ہائی کورٹ کا کوئی اختیار سنبھالنے کا اختیار نہیں ہوگا، آرٹیکل 232 کے تحت صوبائی اسمبلی کا قانون سازی کا اختیار محدود نہیں ہوگا، صوبائی اسمبلی کے قانون پر پارلیمنٹ کا قانون غالب ہو گا اور متصادم صوبائی قوانین غیر موثر ہو جائیں گے۔ آرٹیکل 232 کے تحت وفاقی حکومت ایک حکم کے ذریعے صوبائی حکومت کے تمام یا بعض فرائض خود سنبھال سکتی ہے یا وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے فرائض گورنر کو سنبھالنے کی بھی ہدایت کر سکتی ہے جبکہ وفاقی حکومت صوبے کے کسی ادارے یا اتھارٹی سے متعلق آئینی دفعات کو معطل بھی کر سکتی ہے۔



