یوٹیوب کے 20 سال مکمل، روزانہ کتنی ویڈیوز اپلوڈ کی جاتی ہیں ،کمپنی کا حیران کن انکشاف
یوٹیوب کے اپریل میں 20 سال مکمل ہو چکے ہیں،کمپنی کے مطابق روزانہ 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز اپلوڈ کی جاتی ہیں

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک )مشہور سوشل میڈیا سائٹ یوٹیوب کے اپریل میں 20 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ یہ وہی پلیٹ فارم ہے جہاں 2005 میں شریک بانی جاوید کریم نے پہلی ویڈیو Me at the Zoo اپلوڈ کی تھی۔ یوٹیوب صرف ویڈیو شیئرنگ سائٹ نہیں رہا بلکہ تفریح، موسیقی اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑی طاقت بن چکا ہے۔
اس ہفتے یوٹیوب نے اپنے 20 سال مکمل ہونے پر کچھ حیران کن اعداد و شمار جاری کیے۔ کمپنی کے مطابق روزانہ 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ صرف 2024 میں صارفین نے روزانہ اوسطا 10 کروڑ کمنٹس کیے۔اس کے علاوہ کریئیٹرز بھی پیچھے نہیں رہے، وہ روزانہ تقریبا 10 لاکھ صارفین کے کمنٹس کو دل کی شکل میں پسندیدگی دے رہے ہیں۔
گزشتہ سال یوٹیوب پر ویڈیوز کو روزانہ 3.5 ارب بار لائک کیا گیا۔ 300 سے زائد میوزک ویڈیوز ایسی ہیں جنہیں ایک ارب سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے، جو یوٹیوب کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔
یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب کڈز نے بھی اس سال اپنے 10 سال مکمل کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یوٹیوب میوزک نے آغاز میں ووڈ اسٹاک کے خفیہ نام سے کام شروع کیا تھا۔یوٹیوب آئندہ دنوں میں اپنے پلیٹ فارم پر مزید اے آئی فیچرز لانے کا ارادہ رکھتا ہے اور پریمیم سبسکرپشن کو فروغ دے گا تاکہ دنیا بھر کے کریئیٹرز کی حوصلہ افزائی اور آمدنی کو بہتر بنایا جا سکے۔