ٹیکنالوجی

انسٹا گرام نے فوٹو شیئرنگ ایپ سے متعلق صارفین کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) انسٹا گرام نے فوٹو شیئرنگ ایپ سے متعلق صارفین کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے اس نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق انسٹاگرام نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو ٹکر دینے کی کوششوں کے تحت 90 منٹ تک طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔ میٹا کی زیرملکیت فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ نے اس نئے فارمیٹ کا نام Features(فیچرز) رکھا ہے، جس کے تحت منتخب کریئیٹرز 90 منٹ تک طویل افقی (Horizontal)ویڈیوز انسٹاگرام پر پوسٹ کرسکیں گے۔ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری اور نائب صدر برائے پروڈکٹ ٹیسا لیونز نے 26 اکتوبر 2026 کو ایک ویڈیو کے ذریعے اس نئے فارمیٹ کا اعلان کیا۔

ٹیسا لیونز کے مطابق متعدد کریئیٹرز طویل دورانیے کا مواد تیار کرتے ہیں، جسے وہ مختصر کلپس میں تقسیم کرکے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہیں تاکہ زیادہ ناظرین تک پہنچ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلز بدستور انسٹاگرام کا اہم حصہ رہیں گی، تاہم صارفین کو اب اپنے پسندیدہ کریئیٹرز کا طویل اور تفصیلی مواد بھی اسی پلیٹ فارم پر دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس نئے فارمیٹ کے ذریعے پوڈکاسٹس، انٹرویوز، کامیڈی شوز اور دیگر طویل ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کی جاسکیں گی۔

طویل ویڈیوز کے اس فیچر کی آزمائش پہلے برازیل میں منتخب کریئیٹرز کے ساتھ کی گئی، جبکہ 26 اکتوبر سے امریکا میں بھی محدود پیمانے پر اس کی آزمائش شروع کی گئی ہے۔ تاحال یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں، جبکہ اسے عالمی سطح پر دیگر صارفین تک توسیع دینے کے لیے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کریئیٹرز مختصر ریلز کو مکمل ویڈیو سے بھی منسلک کرسکیں گے، تاکہ ناظرین مختصر کلپ دیکھنے کے بعد پوری ویڈیو تک پہنچ سکیں۔ انسٹاگرام کا مقصد صارفین کو طویل ویڈیوز دیکھنے کے لیے دوسرے پلیٹ فارمز کا رخ کرنے کے بجائے اپنی ایپ پر زیادہ وقت گزارنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئے فارمیٹ میں افقی ویڈیوز پر توجہ دی گئی ہے، جنہیں موبائل فون کے علاوہ انسٹاگرام کی ٹی وی ایپ کے ذریعے بھی دیکھنے کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button