بابراعظم،رضوان اور شاہین آفریدی کا مستقبل کیا ہوگا؟تشویشناک پیش گوئی کردی گئی
سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی محمد رضوان کو کیوں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے، یہ تو سلیکٹرز ہی بتاسکتے ہیں

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بابراعظم،رضوان اور شاہین آفریدی کا مستقبل کیا ہوگا؟تشویشناک پیش گوئی کردی گئی،قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر عتیق الزماں نے شاہین شاہ آفریدی، بابراعظم اور محمد رضوان کے مستقبل پر لب کشائی کردی۔ وکٹ کیپر بیٹر عتیق الزماں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے فورا بعد بنگلادیش کیخلاف ٹی20 سیریز میں ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا اس بات کا اشارہ لگتا ہے کہ تینوں کرکٹرز کی مختصر فارمیٹ میں واپسی مشکل ہے۔عتیق الزماں نے قومی ٹیم میں مسلسل کارکردگی دکھانے کے باوجود محمد رضوان کو باہر کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی روایت ہے کپتان بننے کے بعد کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہوجاتا ہے، اس لیے کسی کو ٹیم سے نکالنا ہو تو قیادت کا تاج اسکے سر پہنادیا جاتا ہے۔
سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی محمد رضوان کو کیوں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے، یہ تو سلیکٹرز ہی بتاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ رضوان کو 27 اکتوبر 2024 کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے دورہ آسٹریلیا سے قبل وائٹ بال ٹیم کا کپتان نامزد کیا تھا۔بعدازاں انہوں نے 17 ون ڈے میچز میں پاکستان کی قیادت کی، 8 میں فتوحات سمیٹیں جبکہ 9 میں شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا، اسی طرح انکی قیادت میں چیمپئینز ٹرافی کے پہلے ہی رانڈ سے قومی ٹیم باہر ہوگئی۔