پاکستان میں فاسٹ بائولروں کی کمی نہیں: کورٹنی والش کا دعویٰ

کراچی (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز ٹیم کے لیجنڈری فاسٹ بائولر کورٹنی والش نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں فاسٹ بائولروں کی کمی نہیں ہیں اور یہاں پر معیاری فاسٹ بائولر پیدا ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری فاسٹ بولر کورٹنی والش کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فاسٹ بولرز کی کامیابی کے پیچھے یہاں کے حالات اور مہارت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے معیاری فاسٹ بولرز موجود رہے ہیں، ماضی میں سرفراز نواز، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بولرز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ نوجوان کھلاڑی بھی اسی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
شاہین آفریدی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کورٹنی والش نے کہا کہ وہ ان کے کھیلنے کے انداز ، رویے اور پاکستان کے لیے کھیلنے کے جذبے سے بہت متاثر ہیں۔ ان کے مطابق شاہین ایک ایسے بولر ہیں جو اپنی بنیادی چیزوں پر توجہ دیتے ہیں اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھاتے ہیں، جو کسی بھی فاسٹ بولر کی سب سے بڑی خوبی ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے دیگر نوجوان فاسٹ بولرز کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں بھی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور وہ مستقبل میں مزید بہتر کریں گے۔ کورٹنی والش نے پاکستان سپر لیگ میں اپنے تجربے کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرنچائز کرکٹ میں کوچنگ کا انداز مختلف ہوتا ہے کیونکہ یہاں وقت کم ہوتا ہے اور کوچز کو فوری طور پر ٹیم کے ساتھ ہم آہنگ ہونا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑی پہلے ہی پروفیشنل ہوتے ہیں، اس لیے کوچنگ کے بجائے زیادہ تر رہنمائی اور گفتگو پر توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں ماحول بہت اچھا ہے اور کھلاڑیوں کا رویہ بھی مثبت ہے، اگرچہ ان کی ٹیم کے نتائج ابھی توقعات کے مطابق نہیں لیکن وہ بہتر کارکردگی کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔



