قبض کا شکار ہونیوالی بہت ہی عام عادت سامنے آگئی

نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک) انسانوں میں معدے کا مسئلہ بہت عام ہے لیکن انسان قبض کا شکار کیوں ہوتا ہے؟ اس حوالے سے تحقیق کے دوران بہت ہی عام عادت سامنے آگئی ہے ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق نیویارک میڈیکل کالج کی اس تحقیق میں 11 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ ان افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیتے ہوئے دائمی تناؤ، رات گئے کھانے اور آنتوں کے افعال متاثر ہونے کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد رات 9 بجے کے بعد دن بھر کی 25 فیصد سے زائد کیلوریز کو جزوبدن بناتے ہیں، ان میں قبض اور ہیضے سے متاثر ہونے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 1.7 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ بعد ازاں مزید 4 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تو دریافت ہوا کہ جو افراد زیادہ تنا اور رات گئے کھانے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں قبض یا نظام ہاضمہ کے دیگر مسائل کا خطرہ ڈھائی گنا زیادہ ہوتا ہے۔ ایسے افراد کے معدے میں مختلف اقسام کے بیکٹیریا بھی نمایاں حد تک کم ہوتے ہیں جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کھانے کا وقت، تنا سے معدے میں موجود بیکٹیریا پر مرتب منفی اثرات کو بڑھا دیتا ہے۔



