کیمبرج کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک

اسلام آباد(کھوج نیوز) کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہوگیا، ہم کیمبرج کے آفیشل مؤقف کا انتظار کررہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر کیمبرج نے بھی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا کو درجنوں طلبہ نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے کے قبل از وقت لیک ہونے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ( 5) کوڈ نمبر 9709 کا پرچہ دو بجے شروع ہونا تھا تاہم یہ پرچہ حل ہو کر سوشل میڈیا پر موجود تھا تاہم جب ہم یہ پرچہ دینے گئے تو ہو بہو یہ وہی پرچہ تھا جسے دیکھ ہم حیران ہو گئے۔ آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہونے کی تصدیق کہ اور بتایا کہ ہم کیمبرج کے آفیشل مؤقف کا انتظار کررہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر کیمبرج نے بھی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ کیمبرج کے پرچے مسلسل لیک ہورہے ہیں تاحال کیمبرج ان کو روکنے میں ناکام رہا۔



