روس کا یوکرین پر شدید حملہ، 18افراد ہلاک، 100 زخمی

یوکرین (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے آج صبح یوکرین سمیت کیف پر سینکڑوں ڈرونز اور درجنوں میزائلوں سے شدید حملہ کیے جس کے نتیجے میں 18افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ رات بھر ہونے والے حملوں میں روس نے 73میزائل اور 600سے زائد ڈرونز داغے۔ انہوں نے ایک بار پھر امریکا سے مطالبہ کیا کہ یوکرین کے کم ہوتے ذخائر کو پورا کرنے کے لیے مزید پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام فراہم کیے جائیں۔ حکام کے مطابق کیف ان حملوں کا مرکزی ہدف تھا، جہاں کم از کم 9بلند و بالا عمارتوں، ایک اسکول، ایک کلینک، دفاتر اور انتظامی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
بجلی فراہم کرنے والی یوکرینی کمپنی کے مطابق حملے کے باعث عارضی طور پر ایک لاکھ 40ہزار افراد بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔ یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے مجموعی طور پر 656ڈرونز اور 73میزائل فائر کیے جن میں 33بیلسٹک میزائل اور 8زرکون ہائپرسونک میزائل شامل تھے، جو اس جنگ کے دوران اس نوعیت کے میزائلوں کا ممکنہ طور پر سب سے بڑا استعمال ہے۔



