وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں بڑے منصوبہ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں بڑے منصوبہ کا اعلان کر دیا ہے ، یہ منصوبہ کونسا ہے؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جہاں متعلقہ حکام نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لیے 18 میگاواٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے جو دسمبر2026ء تک مکمل ہوگاجب کہ گلگت، اسکردو، چلاس اورخپلو میں گھروں کے لیے 82 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے پربھی کام جاری ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز، منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے اور منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔



