روزانہ ایک سیب کھانے کا کیا فائدہ ہے؟ طبی تحقیق آگئی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) روزانہ ایک سیب کھانے کا کیا فائدہ ہے اس حوالے سے امریکا کے ہارورڈ میڈیکل سکول، کیلیفورنیا یونیورسٹی اور برطانیہ کی ریڈنگ یونیورسٹی میں ہونیوالی طبی تحقیق سامنے آگئی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کے ہارورڈ میڈیکل اسکول، کیلیفورنیا یونیورسٹی اور برطانیہ کی ریڈنگ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں میں بتایا گیا کہ سیب، آلو بخارے، بلیو بیریز اور چیری کو روزانہ کی غذا میں سبز چائے کے ساتھ حصہ بنانا دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ تمام غذائیں فلیونولز نامی قدرتی مرکبات سے بھرپور ہوتی ہیں جن سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 20 فیصد سے کم افراد اتنی مقدار میں فلیونولز کو جسم کا حصہ بناتے ہیں جو دل کی صحت کے لیے ضروری مقدار ہوتی ہے، چاہے وہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ ہی کیوں نہ کرتے ہوں، فلیونولز کے بغیر دل کی صحت کو فائدہ نہیں ہوتا۔ اس تحقیق میں 30 ہزار سے زائد افراد کے غذائی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور دیکھا گیا کہ وہ روزانہ کتنی مقدار میں فلیونولز استعمال کرتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق فلیونولز سے امراض قلب سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے مگر یہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب ان مرکبات کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جائے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ بیشتر افراد تعدد پھلوں اور سبزیوں کو جزوبدن بناتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس سے صحت کو فائدہ ہوگا، مگر نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ فلیونولز کی اہمیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ روزانہ کی غذا کے ساتھ ایک سیب کھانا یا ایک کپ سبز چائے کا استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھانا کافی نہیں ہوتا بلکہ مخصوص غذاں کا انتخاب دل کی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے۔ آلو بخاروں، بلیک بیریز، سبز چائے، چیریز، سیب، اسٹرابیری اور بلیو بیریز میں فلیونولز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔



