مہاراشٹر میں افسوسناک واقعہ، لڑکی نے اپنے منگیتر کو موت کے گھاٹ اتار دیا
سیا گوئل کا مبینہ طور پر چیتن چوہدری نامی شخص کے ساتھ تعلق تھا، اس لیے ان دونوں نے کیتن اگروال کو راستے سے ہٹانے کے لیے کئی ہفتوں پہلے ہی اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا: پولیس

مہاراشٹر (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں شادی سے کچھ ماہ قبل ایک لڑکی نے اپنے منگیتر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں کیتن اگروال نامی ایک لڑکے کی شادی سے کچھ ماہ قبل موت ہوگئی، موت کے بعد اس کی منگیتر سیا گوئل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی اسٹوری شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ تم مجھے میری سالگرہ پر چھوڑ گئے، واپس آ جاؤ۔شروعات میں کیتن اگروال کی موت کو ایک حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بھارتی پولیس کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ18 جون کو سیا گوئل نے کیتن اگروال کو اپنی سالگرہ کے موقع پر لوہا گڑھ قلعے سے مبینہ طور پر دھکا دے کر گہری کھائی میں گرا دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے یہ انکشاف کیا ہے کہ سیا گوئل کا مبینہ طور پر چیتن چوہدری نامی شخص کے ساتھ تعلق تھا، اس لیے ان دونوں نے کیتن اگروال کو راستے سے ہٹانے کے لیے کئی ہفتوں پہلے ہی اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا۔پولیس نے قتل کرنے اور حادثے کا ڈرامہ رچانے کے الزام میں سیا اور چیتن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لڑکے کے والد وشال اگروال نے اپنے بیان میں کہا کہ کیتن کو اس کی منگیتر کے افیئر کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، لیکن وہ اس بات سے پریشان رہتا تھا کہ سیاگوئل کا فون گھنٹوں مصروف رہتا تھا۔مقتول کے والد کے مطابق سیا کے گھر والے یا وہ شادی سے انکار بھی کرسکتے تھے، ہمارے بیٹے کو مارنے کی کیا ضرورت تھی۔



