نوجوانوں میں آنتوں کے کینسر کے کیسز کی شرح میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟
جب مدافعتی نظام کی عمر حقیقی عمر کے مقابلے میں زیادہ ہو جاتی ہے تو کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے، اسی طرح اگر چربی کے ٹشوز کی عمر جسمانی عمر سے زیادہ ہو تو آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں نوجوان میں آنتوں کے کینسر کے کیسز کی شرح میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی طبی تحقیق نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کے واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں 1965سے 1969اور 1990سے 1999کے درمیان پیدا ہونے والے افراد کی حیاتیاتی عمر کا موازنہ کیا گیا۔ نتائج سے ثابت ہوا کہ 1990کی دہائی میں پیدا ہونے والے افراد کی حیاتیاتی عمر 1960کی دہائی میں پیدا ہونے والوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھ رہی تھی۔خواتین کے مقابلے میں مردوں کی حیاتیاتی عمر میں فرق زیادہ نمایاں تھا۔
تحقیق کے مطابق حیاتیاتی اور جسمانی عمر کے درمیان فرق جتنا زیادہ ہوگا، کینسر کی مختلف اقسام پھیپھڑوں، نظام ہاضمہ اور آنتوں کے کینسر کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔ 1990سے 2019کے دوران 50سال سے کم عمر افراد میں کینسر کیسز کی شرح میں 24فیصد اضافہ ہوا، خاص طور پر آنتوں کا کینسر جوان افراد میں زیادہ عام ہو رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق 1990کی دہائی میں پیدا ہونے والے افراد آنتوں کے کینسر کا خطرہ 1996کی دہائی میں پیدا ہونے والوں کے مقابلے میں 4 گنا سے زیادہ ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے بلوغت کا آغاز قبل از وقت ہونے لگا ہے، موٹاپا، ذیابیطس اور فالج کا سامنا بھی جلد ہونے لگا ہے، جس کے نتیجے میں حیاتایتی عمر کی رفتار میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے اور یہ کینسر کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔ کسی جسمانی عضو کی عمر کا نظام مجموعی جسم سے مختلف ہوسکتا ہے اور مختلف جسمانی اعضا کے نظام کی عمر میں اضافے کی رفتار الگ ہوسکتی ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ جب مدافعتی نظام کی عمر حقیقی عمر کے مقابلے میں زیادہ ہو جاتی ہے تو کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اسی طرح اگر چربی کے ٹشوز کی عمر جسمانی عمر سے زیادہ ہو تو آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ ابھی ہمارے پاس جوان افراد میں کینسر کی شرح بڑھنے کا کوئی ٹھوس جواب موجود نہیں مگر تحقیقی رپورٹس جیسے ہماری تحقیق سے ان تفصیلات کو اکٹھا کرنے میں مدد ملتی ہے جن سے عندیہ ملتا ہے کہ جوان افراد میں کینسر کیسز کی تعداد تیزی سے کیوں بڑھ رہی ہے۔ اب محققین کی جانب سے یہ سمجھنے کے لیے تحقیق کی جائے گی کہ اردگرد کا ماحول کس حد تک کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے اور اس مرض کی روک تھام کیسے ممکن ہے، اس تحقیق کے نتائج جرنل میڈیسن میں شائع ہوئے ہیں۔



