جولائی کے پہلے ہفتے میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی
یکم سے6 جولائی کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

کراچی (کھوج نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ساتھ ہی سب کے لئے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق یکم سے6 جولائی کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ2 سے6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ یکم سے4 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ3 اور 4جولائی کو سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع جبکہ یکم سے4 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔



