سانس سے بو کیوں آتی ہے؟ وجوہات کیا ہیں؟ طبی تحقیق آگئی

اسلام آباد(ہیلتھ ڈیسک) انسان کی سانس سے بو کیوں آتی ہے؟ اس حوالے سے طبی تحقیق سامنے آنے پر چند وجوہات سامنے آئی ہیں جن کو جان کر سب حیران و دنگ رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عموما سانس کی بو ایک عارضی مسئلہ ہوتا ہے مگر کچھ کیسز میں یہ دائمی بھی ثابت ہوتا ہے۔ ایک تخمینے کے مطابق 50 فیصد بالغ افراد کو زندگی میں کبھی نہ کبھی اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔ اس کی چند وجوہات درج ذیل ہیں۔
دانتوں کی ناقص صفائی
عام طور پر زبان، دانتوں اور مسورڑوں پر غذا کے ذرات کا اجتماع سانس کی بو سے متاثر ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ یہ ذرات جب سڑ جاتے ہیں تو ناخوشگوار بو سانس سے خارج ہونے لگتی ہے۔
زبان کی صفائی نہ کرنا
مخصوص بیکٹریا زبان پر موجود ہوتے ہیں جو خوراک کے ذرات کے ساتھ مل کر سانس میں بو کا باعث بنتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دانتوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ زبان کی صفائی کو معمول بنانا بھی ضروری ہے۔
خوراک
مخصوص غذائیں جیسے لہسن، پیاز یا دیگر تیز مہک والی غذاؤں کے استعمال سے بھی اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔ ہمارا معدہ غذاؤں میں موجود تیل کو جذب کرتا ہے جو خون میں شامل ہوکر پھیپھڑوں تک پہنچتا ہے۔ وہی تیل سانس کی بو کا باعث بھی بنتا ہے۔
تمباکو نوشی
تمباکو نوشی کی عادت بھی سانس کی بو کا باعث بنتی ہے۔
منہ خشک ہونا یا کم پانی پینا
جب ہمارا منہ خشک ہوتا ہے تو لعاب دہن کی مقدار بھی کم ہوجاتی ہے، جب لعاب دہن کی مقدار کم ہوتی ہے تو کھانے کے ذرات اور بیکٹریا منہ میں زیادہ وقت تک موجود رہتے ہیں۔ منہ کھلا رکھ سونا یا مخصوص ادویات سے منہ خشک ہو سکتا ہے جبکہ لعاب دہن کے غدود کے مسئلے سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کم پانی پینے سے بھی منہ خشک ہوتا ہے جس سے بھی سانس کی بو کا خطرہ بڑھتا ہے۔
دانتوں یا مسوڑوں کے امراض
دانتوں یا مسوڑوں کے امراض کا سامنا اس وقت ہوتا ہے جب آپ دانتوں پر جمنے والی گندگی کو درست طریقے سے صاف نہ کریں، اس کے نتیجے میں وقت گزرنے کے ساتھ مسوڑے متاثر ہوتے ہیں۔ یہ گندگی دانتوں اور مسوڑوں کے درمیان موجود رہتی ہے جس سے تیز بو سانس سے خارج ہونے لگتی ہے۔
نتھنوں، منہ یا حلق کے امراض
کئی بار نتھنوں کے انفیکشن، سانس کی نالی کے امراض، ٹانسل اسٹون اور دیگر سے بھی سانس کی بو کا سامنا ہوتا ہے۔
مختلف امراض
گردوں کے امراض، جگر کے امراض، ذیابیطس اور سینے میں تیزابیت کی ایک علامت سانس کی عجیب بو بھی ہوتی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ایسے گھریلو ٹوٹکوں کی کمی نہیں جن کی مدد سے سانس کی بو سے نجات ممکن ہے۔



