لاہور میں گریجویشن تقریب، 38فلسطینی طلبہ نے ڈگریاں حاصل کر لیں

لاہور(کھوج نیوز) لاہور میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے تعاون سے گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 38فلسطینی طلبہ کو ڈگریاں حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے زیرِ تعلیم 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری (BDS) کی ڈگریاں مکمل کر لیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطینی طلبہ کی استقامت، عزم اور بے مثال تعلیمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید، نائب صدر الخدمت ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور محمد اویس رف، پرنسپل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ غزہ میں جاری شدید جنگ، نقل مکانی اور غیر معمولی حالات کے باوجود ان نوجوانوں کی کامیابی عزم، استقامت اور امید کی روشن علامت ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی آف لاہور کے اشتراک سے 38 فلسطینی طلبہ کو بیچلرز آف ڈینٹل سرجری کی اسناد اور ڈینٹل کٹس دی گئیں جبکہ ایک سالہ کلینیکل ہاس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطینی طلبہ سے کیا گیا اپنا وعدہ نبھایا ہے، حکومتِ پاکستان اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے ان طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ممکن ہوا۔ ان کا کہنا تھاکہ فلسطین کی مکمل بحالی اور وہاں کے معماروں کی تیاری تک الخدمت ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔



