ایس ایچ او کو اٹارنی جنرل آف پاکستان کے گھر پر چھاپہ مارنا بھاری پڑ گیا

لاہور(کھوج نیوز) ایس ایچ او کو اٹارنی جنرل آف پاکستان کے گھر پر چھاپہ مارنا بھاری پڑ گیا ،جس کی پاداش میں ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مارا تو صرف ملازم گھر پر تھے، پولیس اہلکاروں نے گھر کے باہر رکھے گملے بھی توڑ دیے، پولیس پارٹی جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لے گئی تھی۔اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل میٹنگ سے فارغ ہوکر واپس گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کرکے ڈی وی آر واپس کرگئی۔
پولیس کے مطابق اٹارنی جنرل کے ساتھ والے گھر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھی لیکن غلطی سے وہ اٹارنی جنرل کے گھرمیں داخل ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ کی قیادت میں پولیس پارٹی 27 جولائی کی شام 6 بجے گیٹ پھلانگ کر اٹارنی جنرل پاکستان منصور اعوان کے گھر میں داخل ہوگئی اور وہاں موجود ملازمین کو ہراساں کیا۔ پولیس نے ایس ایچ او سرور روڈعرفان سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں چارج شیٹ کر دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کر اختیارات سے تجاوز کیا۔



