بیرسٹر گوہر نے نئے الیکشن کی پیشگوئی کر دی

راولپنڈی (کھوج نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ملک بھر میں نئے الیکشن کے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھوچکا ہے اور اب ری سیٹ ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اہم حکومتی اتحادی نے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دیا، پیپلزپارٹی کو بھی دھاندلی زدہ سمجھتا ہوں تاہم حکومتی اتحادی کے بیان کے بعد وزیراعظم کو فوری اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا مگر وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خاموشی اختیارکی، اس سے ظاہر ہوتاہے اعتماد ختم ہوچکا، پورا حکومتی ڈھانچہ عملی طور پر کولیپس کر چکا ہے، حکومت اخلاقی جواز کھو بیٹھی، آئینی، قانونی اور جمہوری اعتبار سے یہ حکومت اپنی حیثیت کھوچکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدم اعتماد لانے کا آئینی طریقہ موجود ہے، اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، قومی مفاد میں اتفاق رائے سے سیاسی بحران کا حل نکالاجائے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے اعتماد کھودیا، اب سسٹم کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھو چکا، ری سیٹ ناگزیر ہے، ایسے حالات میں مزید حکومتیں بنانے کے بجائے عوام سے رجوع کیاجائے۔



