یوٹیوب اور نیٹ فلیکس میں مقابلہ تیز، کریئیٹرز کو بڑی پیشکشیں

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) ویڈیو سٹریمینگ یوٹیوب اور نیٹ فلیکس میں مقابلہ مزید تیز ہو گیا ہے جس کے بعد مقبول ترین کریئیٹرز کے لئے بڑی بڑی پیشکشیں کو اعلان کر دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب بعض منتخب کریئیٹرز کو اس شرط پر بھاری ادائیگی کی پیشکش کر رہا ہے کہ وہ ایک مخصوص مدت تک اپنی ویڈیوز صرف یوٹیوب پر نشر کریں گے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیٹ فلکس نے یوٹیوب کے معروف کریئیٹرز کی ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم پر لائسنس کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ یوں دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان بڑے ڈیجیٹل کریئیٹرز اور ان کے ناظرین کے لیے مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دو افراد نے امریکی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کو بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے چند بڑے کریئیٹرز سے مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہر کریئیٹر کے لیے معاہدے کی شرائط مختلف ہوسکتی ہیں اور فی الحال ان مذاکرات کو مکمل کرنے کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ ایک ذریعے کے مطابق یوٹیوب نے ایک کریئیٹر کو لاکھوں ڈالر کی پیشکش کی، جس کے بدلے میں اسے ایک مخصوص مدت تک اپنی ویڈیوز خصوصی طور پر یوٹیوب پر پوسٹ کرنا ہوں گی۔ تاہم، یہ پیشکش ابتدائی طور پر زبانی تھی اور معاہدے کی تفصیلات ابھی طے نہیں ہوئی تھیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوٹیوب نے ان کریئیٹرز کو یہ عندیہ دیا ہے کہ جو خصوصی معاہدہ قبول نہیں کریں گے، انہیں مارکیٹنگ سپورٹ اور برانڈ ڈیلز تک رسائی جیسی بعض سہولیات میں کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔



