نیپال میں سیلاب، سکول پرنسپل نے 900 طلبہ کی جانیں کیسے بچائیں؟

نیپال (مانیٹرنگ ڈیسک) نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے قبل سکول پرنسپل نے 900 طلبہ کی جانیں کیسے بچائیں؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسکول پرنسپل راجندر داوادی اپنے کلاس روم میں موجود تھے جب ان کے ایک ساتھی نے خبر دی کہ نیپال کی تریشولی وادی میں سیلابی ریلا تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جو اپنے راستے میں آنے والے گھروں، پلوں اور پورے کے پورے دیہاتوں کو تباہ کر رہا ہے۔اسکول پرنسپل نے بتایا کہ اس کے بعد اسکول کے ایک اور استاد کو فون پر خطرے کی وارننگ موصول ہوئی اورکچھ ہی لمحوں بعد ایک طالب علم کی والدہ اپنے بچے کو گھر لے جانے کے لیے پہنچ گئیں۔
اگرچہ سیلاب آنے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی تھی لیکن پرنسپل نے خطرہ بھانپتے ہوئے فورا اسکول کی گھنٹی بجائی اور اپنے طلبہ اور عملے کو عمارت سے نکل کر اونچے مقام کی طرف جانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے فوری طور پر اسکول بند کرنے اور بچوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا فیصلہ کیا۔ جیسے ہی وہ بچوں کو لے کرایک قریبی پہاڑی کی طرف بڑھے تو ان کے پیچھے پانی تیزی سے بلند ہونے لگا اور ایک اونچے اور محفوظ مقام پر پہنچ کر انہوں نے اسکول کو پانی، کیچڑ، پتھروں اور ملبے کے نیچے غائب ہوتے دیکھا۔



