آٹا کی قیمت میں پھر اضافہ، شہری دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے

لاہور(کھوج نیوز) ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں پھر اضافہ دیکھنے کو ملا جس کے بعد غریب شہری دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں، آٹا کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟ اعداد و شمار سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3000 روپے، سیالکوٹ میں 3133 روپے اور لاہور میں 2300 روپے تک مل رہا ہے جبکہ کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 140 روپے مہنگا ہوکر 3540 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فیصل آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے مہنگا ہوکر 3000 روپے تک ہوگیا ہے جبکہ خضدار میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 400 روپے مہنگا ہوکر 3400 روپے تک چلا گیا ہے۔
پشاور میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3300 روپے تک ہے جبکہ بنوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3200 کا مل رہا ہے۔ اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3373 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ راولپنڈی میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 3333 روپے تک برقرار ہے۔ سرگودھا میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2933 روپے، ملتان میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 66 روپے مہنگا ہوکر 2933 روپے تک ہو گیا ہے، بہاولپور میں 40 روپے مہنگا ہونے کے بعد آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی قیمت 3000 روپے ہوگئی ہے۔ لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 300 روپے مہنگا ہوکر 3200 روپے، حیدرآباد میں 280 روپے مہنگا ہوکر 3480 روپے تک ہوگیا ہے۔ کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 190 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3220 روپے جبکہ سکھر میں 140 روپے مہنگا ہوکر 3200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔



