احسن بھون کی جانب سے کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف 5ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ

اسلام آباد(کھوج نیوز) سینئر وکیل اور پاکستان بارکونسل کے رکن احسن بھون نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف پنجاب ڈیفیمیشن ٹربیونل میں 5 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق احسن بھون کی جانب سے پنجاب ڈیفیمیشن ٹربیونل میں دائر دعوے میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن (ر ) محمدصفدر نے ان کی ڈگری اور وکالت کی اہلیت سے متعلق ہتک آمیزبیانات دیئے ، احسن بھون کی قانون کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کردہ اور متعلقہ اداروں سے تصدیق شدہ ہے۔ دعوے میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن (ر) محمدصفدرکے بیانات سے احسن بھون کی قانونی خدمات اورپیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
دعوے میں کیپٹن (ر) محمدصفدر کو بیانات واپس لینے، غیر مشروط معافی مانگنے اور آئندہ ایسے بیانات سے روکنے کے ساتھ ایک ارب روپے عمومی، 2 ارب روپے خصوصی اور 2 ارب روپے تعزیری ہرجانے کی استدعا کی گئی ہے۔ ڈیفیمیشن ٹربیونل نے احسن بھون کے دعوے کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر کو11 نومبرکے لیے نوٹس جاری کردیا ہے۔



