ایدھی سینٹر پر ڈکیتی کی واردات، ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

کراچی (کھوج نیوز) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایدھی سینٹر پر ڈکیتی کی افسوسناک واردات ہوئی جس میں ڈاکو ملازمین کی سیلری یعنی لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان نے بتایاکہ آج ملازمین کو سیلری دینے کیلئے بینک سے کیش نکلوایا گیا، دو موٹر سائیکلوں پر سوار چاروں مسلح ملزمان نے واردات کی اور65 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملازمین سے ابتدائی معلومات حاصل کی جارہی ہے، ملازمین کے مطابق4 ملزمان ہیلمٹ پہنے آئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی حاصل کی جارہی ہے اور تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ ایدھی سینٹر غریبوں اور لاوارثوں کا سہارا ہے، واقعے کی فوری جانچ پڑتال کرکے ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



