محکمہ تعلیم میں 6 ٹیچر کی جعلی بھرتیوں کا انکشاف

میر پور خاص(کھوج نیوز) میر پور خاص میں محکمہ تعلیم میں 6سکینڈری سکول ٹیچرز کی جعلی بھرتی کا انکشاف ہواہے جس کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بڑا ایکشن لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میر فضل تالپر نے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکانٹس افسر کو 6 ٹیچرز کی تنخواہیں روکنے کا خط لکھ دیا گیا ہے۔ ڈی ای او نے بتایا کہ آئی ٹی ڈیٹا سینٹر کو بھی جعلی ٹیچرز کا بائیو میٹرک ریکارڈ منسوخ کرنے کا خط لکھا گیا ہے، معاملے پر ڈائریکٹر تعلیم، ڈی ای او اور 2 تعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ ڈی ای او کے مطابق تعلقہ افسران کی شکایت پر فوری کارروائی کرکے جعلی اساتذہ کی تنخواہیں روکی ہیں، انکوائری کمیٹی کے سامنے اپنا جواب جمع کرادیا۔ میر فضل تالپر نے بتایا کہ میں ان جعلی اساتذہ سے کبھی نہیں ملا اور نہ دیکھا ہے، جعلی بھرتیوں میں مجھ سمیت افسران کے جعلی دستخط اور مہریں استعمال کی گئیں۔



