اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی تعداد زیادہ یا کم؟ سپرنٹنڈنٹ جیل کا بڑا اعتراف

راولپنڈی (کھوج نیوز) اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی تعداد زیادہ ہے یا کم؟ اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ساجد بیگ نے بڑا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ساجد بیگ کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں اس وقت تقریبا 8 ہزار قیدی موجود ہیں، گنجائش سے زائد قیدیوں کی تعداد اڈیالہ جیل کا مسئلہ ہے۔ساجد بیگ کے مطابق اڈیالہ جیل میں دستیاب طبی سہولیات شاید قیدیوں کو جیل سے باہر بھی میسر نہ ہوں، یہاں ایچ آئی وی کے تقریبا 100 کیسز ہیں، ایچ آئی وی کے بیشتر کیسز قیدی جیل میں داخلے سے پہلے ہی ساتھ لاتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاتا، جوڈیشل افسران باقاعدگی سے اڈیالہ جیل کا دورہ کرتے ہیں، جیل میں 6 مرد اور ایک خاتوں ڈاکٹر تعینات ہیں، جیل میں ای سی جی، الٹراسانڈ، ڈینٹل اور دیگر طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کی بڑھتی تعداد کے مسئلے پر حکومت غور کررہی ہے، اسلام آباد میں نئی جیل کی تعمیر سے اڈیالہ جیل میں قیدیوں کا آدھا بوجھ کم ہو جائے گا۔



