کافی پینے سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ تحقیق آگئی

آئر لینڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) کافی صحت کے لئے بہت زیادہ مفید اور دنیا کا مقبول ترین مشروب بھی ہے جبکہ کافی پینے سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اس حوالے سے تحقیق آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق آئرلینڈ کی کورک یونیورسٹی کالج کی تحقیق میں پہلی بار کافی پینے سے معدے اور دماغ کے درمیان موجود تعلق پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے کی عادت سے معدے میں موجود بیکٹیریا پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس طرح یہ مشروب مزاج اور تناؤ پر اثرانداز ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 31 کافی پینے کے عادی افراد اور اس مشروب سے دور رہنے والے 31 افراد کو شامل کیا گیا۔ ان افراد کے جسمانی ٹیسٹ کیے گئے، ان کی غذائی اور کیفین استعمال کرنے کا جائزہ لیا گیا جبکہ پیشاب اور فضلے کے نمونے حاصل کیے گئے۔ اس طرح ان افراد کے معدے میں موجود بیکٹیریا اور جذباتی حالت میں تبدیلیوں کا تجزیہ کیا گیا۔ اس کے بعد کافی پینے والے افراد کو اس مشروب سے 2 ہفتوں تک دور رکھا گیا جس دوران ان کے جسمانی نمونوں اکٹھے کیے گئے اور دماغی صحت کو مانیٹر کیا گیا۔
انہوں نے دریافت کیا کہ کافی سے دور رہنے سے ان افراد کے معدے میں موجود بیکٹیریا میں تبدیلیاں آئیں، مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ اس کے بعد ان افراد کو دوبارہ کافی کا استعمال شروع کرایا گیا تو ان کے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے جیسے تنا، ڈپریشن اور اضطراب گھٹ گیا، جس سے عندیہ ملا کہ کافی سے مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق میں ان مخصوص بیکٹیریا کی شناخت بھی کی گئی جو کافی پینے والے افراد کے معدے میں سب سے عام ہوتے ہیں۔



