جوڑوں کے درد کا سبب بننے والی عام عادت کونسی ہے؟

واشنگٹن (کھوج نیوز) جوڑوں کے درد کا سبب بننے والی عام سی عادت کونسی ہے؟ اس حوالے سے واشنگٹن کی ایک یونیورسٹی میں ہونے والی طبی تحقیق میں حیران کن انکشاف کر ڈالا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق واشنگٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کی کمی یا ناقص نیند کا سامنا کرنے والے افراد میں جوڑوں کے امراض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے، جبکہ نائٹ شفٹ کرنے والے افراد میں بھی یہ خطرہ کافی زیادہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق میں 5 لاکھ کے قریب افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جو یوکے بائیو بینک سے حاصل کیا گیا تھا۔ تحقیق میں جوڑوں کے امراض کا خطرہ بڑھانے والے روایتی عناصر جیسے عمر، موٹاپے اور ماضی میں جوڑوں کی انجری کے علاوہ دیکھا گیا کہ نیند اس حوالے سے کیا کردار ادا کرتی ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد ہر رات اکثر 6 گھنٹے سے کم سوتے ہیں یا بار بار جاگتے ہیں، ان میں جوڑوں بالخصوص گھٹنوں کی تکلیف کا خطرہ 40 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ اسی طرح نائٹ شفٹ کرنے والے افراد میں یہ خطرہ 24 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ نتائج سے ان شواہد میں اضافہ ہوتا ہے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ نیند اور جسم کی اندرونی گھڑی ورم، ٹشوز کی مرمت اور تکلیف کی حساسیت پر اثرانداز ہوتے ہیں اور یہ تینوں جوڑوں کی تکلیف کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنے والے عوامل ہیں۔



