نیند کی کمی، شوہر یا بیوی کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) نیند کی کمی کے باعث شوہر یا بیوی کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اس حوالے سے جرنل Annals of Behavioral Medicine میں شائع تحقیق سامنے آگئی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جرنل Annals of Behavioral Medicine میں شائع تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ شوہر یا بیوی کی نیند کس حد تک دوسرے پر اثر انداز ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں204 جوڑوں کو شامل کیا گیا تھا اور دیکھا گیا کہ کسی ایک کی نیند کی کمی دوسرے پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے۔ ان افراد سے نیند اور غذائی معیار کی تفصیلات تحقیق کے آغاز، ایک مہینے بعد اور 3 مہینے بعد حاصل کی گئیں۔
اس کے ساتھ ساتھ 14 دن تک روزانہ سوالنامے بھروائے گئے تاکہ علم ہوسکے کہ صحت بخش غذاؤں کے لیے وہ کیا کوشش کرتے ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ کسی جوڑے میں سے کسی ایک خراب نیند سے دوسرے کی غذا میں بھی تبدیلیاں آتی ہیں۔ ایسا اس وقت بھی ہوتا ہے جب شوہر یا بیوی کی نیند کا معیار اچھا ہوتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نیند کی کمی کے شکار افراد کے شریک حیات میں بھی صحت کے لیے مفید غذاؤں کے استعمال کا رجحان کم ہوتا ہے۔ تحقیق میں اس کی وجہ تو واضح نہیں ہوسکی مگر محققین کے خیال میں ایسا اکٹھے رہنے سے ہوتا ہے۔ جوڑے اکثر ایک دوسرے کے رویوں پر اثر انداز ہوتے ہیں اور جب شوہر یا بیوی میں فاسٹ فوڈ کی خواہش زیادہ ہوتی ہے تو یہ دوسرے کا بھی معمول بن جاتا ہے۔ محققین نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق مشاہداتی تھی تو ابھی نتائج سے ٹھوس نہیں قرار دیا جاسکتا، مگر بظاہر یہ تعلق کافی مضبوط نظر آتا ہے۔



