پاکستان

پنجاب میں فوجی املاک پر حملوں میں ملوث کتنے افراد کی شناخت ہوئی؟ اعدادو شمار آگئے

پولیس نے شناخت کے بعد 1180 شر پسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے، جیل میں ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی،پی ٹی آئی خواتین کی گفتگو

لاہور (کرائم رپورٹر، آن لائن ) پنجاب میں فوجی املاک پر حملوں میں ملوث 2290 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ 1830 شر پسند عناصر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے شناخت کے بعد 1180 شر پسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے،جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے 1800 میں سے 1125 شر پسندوں کی شناخت ہو گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے 513 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ عسکرسری ٹاور پر حملے کرنے والے 1 ہزار شر پسندوں میں سے 121 کی شناخت ہو گئی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خواتین ورکرز نے جیل میں زیادتی اور تشدد کی تردید کر دی ہے۔پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ اور خواتین ورکرز صنم جاوید،طیبہ راجہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ صنم جاوید نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ جیل میں ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی،جیل میں رکھنا ہی زیادتی ہے کیونکہ ہم نے کچھ نہیں کیا۔عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ تذلیل کیا ہو گی کہ خواتین کو آدھی رات کو گھروں سے اٹھایا جاتا ہے اور انہیں گھیسٹا جاتا ہے۔اس سے زیادہ آپ خواتین کی کیا تذلیل کریں گے؟۔ طیبہ راجہ نے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے مسئلہ ہے تو اس حوالے سے کیس کریں،سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے جبکہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کی سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا تھا،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل خان نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی جس میں استدعا کی گئی کہ عالیہ حمزہ کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا جائے،عالیہ حمزہ کے وکیل کے اعتراض پر پولیس نے وارنٹ پیش کئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button