جرائم کی شرح میں اضافہ، مریم نواز آپے سے باہر، اعلیٰ افسران کی سرزنش

لاہور(کھوج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبہ بھر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کے باعث آپے سے باہر ہو گئی ہیں اور انہوں نے سخت اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کی سرزنش بھی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جرائم کی شرح میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کیا اور شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم کنٹرول نہ ہونے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کی۔ مریم نواز نے آرپی اوز اور ڈی پی اوزکو سی سی ڈی سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی شرح میں اضافہ شرمناک اور فکرانگیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں سیف سٹی پروجیکٹ ہونے کے باوجودجرائم سرزد ہونا قابل فکر ہے، منشیات کے واقعات کے اعداد و شمار دیکھ کر شرم آتی ہے، اسپیڈو بس کے کنڈیکٹر نے بچی کو مارا، اگر قانون کا خوف ہو تو ایسے واقعات نہیں ہو سکتے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پچھلے دور میں سیاسی وابستگیوں سے تعیناتیاں ہوتی تھیں، اب سیاسی مداخلت صفرہے، گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری ہونے کی ویڈیو شرمناک ہے، گجرات میں بس روک کر بیگ چھینے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کو سیف سٹی اور جرائم سے پاک کیا، اب سستی کی گنجائش نہیں، پولیس کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک کردیا، اب ڈیلیور کرکے دکھانا ہوگا۔



